ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوجہاد کی بات کرنے والے یوگی شادی شدہ نہیں: سی ایم ابراہیم

لوجہاد کی بات کرنے والے یوگی شادی شدہ نہیں: سی ایم ابراہیم

Thu, 07 Jan 2021 11:38:13    S.O. News Service

بنگلورو،7؍جنوری (ایس او نیوز) ریاستی قانون ساز کونسل میں کانگریس رکن سی ایم ابراہیم نے آج کہا کہ لو جہاد سے متعلق بیان دینے والے اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو کیا معلوم کہ لوکیا ہے؟ کیا وہ شادی شدہ ہیں؟ یوگی آدتیہ ناتھ کی شادی ہوئی ہے؟ کیا انہیں بیوی بچے ہیں؟ پیار و محبت کا کیا انہیں تجربہ ہے؟ ایسا شخص لوجہاد سے متعلق بول رہا ہے۔

 لجسلیٹرس بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے سے بھی میں نے کہا ہے کہ مجھے کیا چاہئے اس کے پیچھے نہیں جارہا ہو ں۔ریاست اور ملک کو کیا چاہئے اس کے پیچھے جارہا ہوں۔ لاکھوں کسان سردی اور بارش میں احتجاج کررہے ہیں۔ ریاست میں بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہوگی۔ انہو ں نے بتایا کہ پچھلے دنوں انہوں نے 7/اضلاع کا دورہ کیا۔چند ریاستوں میں اہم شخصیتوں جیسے بہار کے تیجسوی یادو، نتیش کمار، شرد یادو سے بھی ملاقات کیا تھا۔ جنتا پریوار کو پھر متحد کرنے کے مقصد سے میں نے یہ ملاقاتیں کی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرناٹک میں ایڈی یورپا حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ہماری ریل گاڑی ابھی شروع نہیں ہوئی ہے۔شروع ہونے کے بعد تمام اس میں سوار ہوجائیں گے۔ ہم مسلمان نئی گاڑی نہیں لیں گے۔پرانی گاڑی ہی کی مرمت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ جے ڈی ایس میں فی الحال عمداً نہیں جارہا ہوں۔اللہ کے کرم سے جس میں بھی ہاتھ ڈالتا ہوں وہ ناکام نہیں ہوا ہے۔میری نیت ٹھیک ہے۔اگر میرا دل خراب ہوگیا تو میں کچھ بھی فیصلہ کرسکتا ہوں۔ان سے پوچھاگیا کہ حال ہی میں کیاآپ نے بی جے پی کے امیش کٹی اور پربھاکر کور سے ملاقات کی تھی؟ اس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بتانا ضروری نہیں۔آج میں دیوے گوڈا سے بھی ملاقات کررہا ہوں۔ان سے ان تمام باتوں پر مشورہ کروں گا۔ وہ کرناٹک کی ایک عظیم شخصیت ہیں جس پر سب کو فخر ہونا چاہئے۔


Share: